پشاور: کرونا وائرس سے صحت یاب ہونیوالے مزید 2 افراد کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو پلازمہ عطیہ

154

 

پشاور، 23 مئی(اے پی پی): ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل اسپیشلیسٹ اور پلازمہ عطیہ کے فوکل پرسن ڈاکٹر امیر تاج کے توسط سے بونیر سے تعلق رکھنے وا لے 2 افراد نے پشاور کے ایچ ایم سی ہسپتال کو پلازمہ عطیہ کیا تاکہ انکے ایک عطیہ سے مزید 4 مریضوں کی جان بچائی جاسکے۔

ڈاکٹر امیر تاج نے ہسپتال انتظامیہ کو عنقریب مزید اور پلازمہ عطیہ دینے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کی اس جنگ میں صحت یاب ہونیوالے مریض پلازمہ عطیہ

کرکے ،ہمارا ساتھ دےکر دوسروں کی زندگی بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بازیاب ہونے والے مریضوں کے پلازما میں اینٹی باڈیز ہوتی ہیں جو دوسرے کوویڈ 19 مریضوں کو غیر فعال حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہیں۔اب ان 2 روبہ صحت مریضوں کا پلازما جو ہسپتال کو عطیہ کیا گیا ہےوہ ایک وقت میں 4 جانیں بچا سکتا ہے اور یہ عطیہ دینے سے انکی صحت پر کوئی برا اثر نہیں پڑیگا۔

ڈاکٹر امیر تاج نے کرونا وائرس سے روبہ صحت ہونیوالے مریضوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے اور اگر آپ کو یہ موقع نصیب ہوا ہے تو آپ لوگ بھی خیر سگالی کے جذبے سے آگےبڑھیں اور خدمت خلق  سے سرشار ہو کر انسانیت کی مدد کریں۔