اسلام آباد ، 15 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے، کراچی کے عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، ہماری اولین ترجیح غریب عوام کو آسانیاں اور سہولت فراہم کرنا ہے، سندھ کے عوام ہماری ترجیح ہیں، کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے جمعہ کو یہاں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اور ممبران قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان، صلاح الدین، عثمان قادری اور صابر حسین قائم خانی شامل تھے۔
ملاقات میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، کراچی، حیدرآباد اور اندرون سندھ سے متعلقہ عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے کورونا وائرس کی صورتحال کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں وزیرِاعظم کے ویژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کورونا کی روک تھام اور ریلیف کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نے کراچی کی ترقیاتی ضروریات، لوکل گورنمنٹ کو بااختیار اور موثر بنانے کی ضرورت اور دیگر معاملات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کونظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کراچی کی عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ کورونا کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح غریب عوام کی سہولت اور انکو آسانیاں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ ماضی میں عام آدمی کی بجائے اشرافیہ اور ایک مخصوص طبقے کو مدنظر رکھ کر پالیسی سازی کی جاتی رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری ترجیح سندھ کے عوام ہیں۔
اے پی پی/ڈیسک/حامد











