ہری پور؛پرائم منسٹر ٹائیگر فورس میں شامل نوجوانوں کی تقریب حلف برداری ،عوام کی بے لوث خدمت کا حلف لیا گیا

163

ہری پور،13مئی(اے پی پی): ہری پور  سے تعلق رکھنے والے پرئم منسٹر ٹائیگر فورس کے نوجوانوں کی تقریب حلف برداری  کی تقریب بدھ کو یہاں منعقد ہوئی،جہاں ٹائیگرفورس کے نوجوانوں سے عوام کی بے لوث خدمت کرنے کا حلف لیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حسن احسان اور رہنماپی ٹی آئی یوسف ایوب خان تھے ۔

 مہمانوں نے ٹائیگر فورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ٹائیگر فورس میں ہری پور سے چار ہزار سے زائد افراد نے خود کو رضا کارانہ طور پر ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ کیا، ٹائیگر فورس کے افراد اس قدرتی آفت کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں کے مستحق افراد کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ریلیف پیکج عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حسن احسان نے ٹائیگر فورس کے نوجوانوں سے عوام کی بے لوث خدمت کرنے کا حلف لیااور کہا کہ اس نا گہانی آفت کے موقع پر ہمیں مل جل کر ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت کے لیے کام کرنا ہو گا، ٹاٸیگر فورس کے جوان سیٹزن پورٹل کے ذریعے اپنی آرا ٕ اور مشکلات کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

 پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما یوسف ایوب خان نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عوامی خدمت کے لیے نوجوانوں  نے خود کو رضا کارانہ طور پر پیش کر حکومت کو بہت سہارا دیا، حکومت ٹاٸیگر فورس کے ذریعے عوام کی خدمت کر کے عوام کی خدمت کا مشن پورا کرے گی۔

تقریب کے آخر میں ٹائیگر فورس کے رضا کاروں میں کارڈ تقسیم کیے گئے۔

اے پی پی /وقاص احمد/حامد