آئی جی خیبرپختونخوا نے کرونا کے دوران پولیس فورس کے اہلکاروں کو آن لائن پولیس ٹریننگ پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

112

 

پشاور 2 جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کویڈ 19- کے دوران پولیس فورس کے اہلکاروں کو آن لائن پولیس ٹریننگ پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردیں جو کہ پاکستان پولیس کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن ٹریننگ پروگرام ہوگا ۔یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفسروں،پولیس ٹریننگ سکولز کے پرنسپلز اور سپشلائزڈ ٹریننگ سکولز کے ڈائریکٹرز کے ساتھ آن لائن کانفرنس کے دوران جاری کیں۔ کانفرنس میں پولیس ٹریننگ سکولوں میں فورس کے جوانوں کو کورونا وائرس کی وباءکے دوران مرحلہ وار ٹریننگ دینے کے مختلف طریقوں پر غور وخوض کیا گیا۔

پہلی تجویز کے مطابق خصوصی تربیت کے لیے منتخب ہونے والے جوانوں کے لیے کورونا کا ٹسٹ لازمی ہوگا ۔ اور منفی ٹسٹ رکھنے والے جوانوں کو ٹریننگ سکولوں میں عملی طور پر بلایا جائیگا جہاں انہیں کورونا وائرس کی وباءسے متعلق جاری کردہ حکومتی حفاظتی اقدامات سے متعلق اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے تحت سماجی فاصلے کے ساتھ کلاسوں میں بٹھا کر تربیت کے مراحل سے گزارا جائیگا ۔اس طریقہ کار کے مطابق کلاس میں لیکچر دینے والا انسٹرکٹر ضرورت کے تحت موبائل ایپ کی مدد سے زیر تربیت جوانوں کو لیکچر دے گا۔ اسی طرح شرکاءکی تعداد، تربیت کا دورانیہ اور آن لائن ٹریننگ کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔