ملتان؛ فروٹ و سبزی منڈی میں تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک سدھارنے کیلئے اجلاس

113

 

ملتان، 02 جون (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر فروٹ و سبزی منڈی میں تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک سدھارنے کے لئے بڑے فیصلے کر لئے گئے ہیں،اس سلسلہ میں چئیرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون کی زیر صدارت سبزی و فروٹ منڈی میں گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وائس چئیرمین نجف خان سیال اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم ،انجمن آڑھتیان کے صدراعظم صابری،سیکرٹری جنرل ندیم قریشی اور نائب صدرشیخ اعجاز نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون نے کہا کہ آڑھتیوں نے پھڑیوں کو اپنی دکانوں کے آگے جگہ دیکر منڈی میں تجاوزات کی بنیاد رکھی ہے اور پھڑیوں نے سڑکوں پر دکانیں سجالی ہیں جس کی وجہ سے منڈی میں پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آڑھتی اپنی آڑھت کے آگے پھڑیے کو بے دخل کرنے کا پابند ہے،پھڑیوں کو دکان یا ٹھیلا لگانے کے لئے آڑھتی انہیں شیڈ میں جگہ دیں۔

اکرم چاون نے کہا کہ اگر کوئی پھڑیا تجاوزات کرتے پایا گیا تو آڑھتی کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور آڑھتی کا لائسنس اور الاٹمنٹ بھی کینسل کردی جائے گی۔چئیرمین مارکیٹ کمیٹی نے کہا کہ منڈی میں داخل ہونے والے ادرک سے لوڈ بڑے بڑے کنٹینر ٹریفک جام کا باعث بن رہے ہیں،دن کے اوقات میں کسی کنٹینر کو منڈی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،کنٹینر شام 7بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان منڈی میں داخل ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ کو فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر عا مر خٹک کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے فیصلوں پر انجمن آڑھتیان سبزی منڈی کے عہدیداران نے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔