اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان کی ملاقات

143

 

اسلام آباد ، 02 جون (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان نے  ملاقات کی ، ملاقات میں قومی اسمبلی کے  5جون سے شروع ہونے والے  اجلاس کے انتظامات  قانون سازی کے عمل کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

اسپیکر نے مشیر برائے پارلیمانی امور کو 5جون  سے شروع ہونے والے اجلاس کے لیے کیے جانے والے  انتظامات  کی تفصیلات سےآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ   کورونا وائرس وبا ء کے خطرات کے پیش نظر قومی اسمبلی کے  5جون سے شروع ہونے والے اجلاس  کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو  پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجزمیں موثر انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے  کہا کہ پارلیمنٹ قوم کا نمائندہ ادارہ اور عوامی امنگوں کا  حقیقی ترجمان ہے، پارلیمنٹ کا بنیادی کردار قانون سازی کرنا ہے۔ موثر قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیش کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی قوتوں کو مشکل وقت میں باہمی اختلافات کو بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔اسد قیصر  نے کہا کہ پارلیمنٹ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

اس موقع پر مشیر  برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملک میں آئین کی بالادستی  اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ قانون سازی کرنا چاہتی ہے، کورونا وائرس کی وبا ء کی روک تھام اور ملکی معیشت کی بحالی میں پارلیمنٹ کا کردار دکلیدی اہمیت کا حامل ہے۔