حکومت پنجاب کی ہدایت پر وہاڑی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں:ڈی سی وقاص رشید

113

بورے والا،30جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر وہاڑی میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام اور پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں۔

منگل کو یہاں ترقیاتی سکیموں اور سرکاری واجبات کی ریکوری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب مونسپل سروسز پروگرام کے تحت وہاڑی میں 50ملین روپے سے ترقیاتی سکیمیں جاری ہے جس میں سیوریج  سسٹم اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت شامل ہے جبکہ پنجاب سیٹز پروگرام کے تحت 12کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر ورک ،فلٹریشن پلانٹس ، ڈسپوزل ورک ،ٹیوب ویل اور پارکوں کی تزئین وآرائش کی جاری ہے۔

انہوں نے  کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ترقیاتی کاموں پر خصو صی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہاڑی کے شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں اور معیار زندگی مزید بہتر ہو سکے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری واجبات کی ریکوری کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے، ریکوری کو پورا کرنے کیلئے افسران متحرک ہوں، واجبات کی ریکوری جتنی بہتر ہو گی عوام کو میونسپل سروسز بھی موثر انداز میں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائیٹوں اور غیر منظور شدہ عمارت کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ نقشہ جات کی مد میں اس سال 2کروڑ سے زائد ریکوری کی گئی ہے ۔

 اس موقع پر اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ و ڈپٹی ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ مظفر خان ، سی او میونسپل کمیٹی وہاڑی حافظ خالد ارشاد ، ایم او شعیب اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وی این ایس، بورے والا