سکھر ۔04جون(اے پی پی ): نیب کی جانب سے سندھ میں گندم کی خورد برد کی تحقیقات کے حوالے سے بڑی پیش رفت، 2018 میں گھوٹکی سے کراچی گندم کی ترسیل میں 11403 ٹن گندم کی خورد برد کا انکشاف کیا گیا۔
غائب ہونے والی گندم کی مالیت تین کروڑ نوے لاکھ روپے ہے، نیب نے ٹھیکیدار اور دو فلور ملوں کے مالک ہریش کمار کو گرفتار کرلیا، ملزم کو 2018 میں گندم گھوٹکی سے کراچی پہنچانے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا،ملزم نے گھوٹکی کے گوداموں سے 48 ہزار 770 ٹن گندم اٹھائی لیکن درمیان میں سے 11ہزار 403 ٹن گندم غائب کردی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم گندم کی ذخیرہ اندوزی میں بھی ملوث ہے، ملزم کی فلور ملز پر چھاپے کے دوران گندم کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا گیا تھا، ملزم کی گرفتاری کے بعد اب اس کے ساتھ فلور مل مالک محمد ابراہیم کی بھی تلاش کی جارہی ہے، ملزم نے پہلے تفتیش میں غائب گندم کی مالیت کی 40 فیصد رقم جمع کرائی لیکن مزید انکشافات ہونے پر اسے دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
وی این ایس،سکھر











