ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم،خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی: وزیراعلیٰ پنجاب

188

لاہور 6 جون (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ماسک پہننا شہریوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے ۔ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

ان  خیالات کا   اظہار  وزیراعلیٰ پنجاب نے  ہفتہ کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس  میں گفتگو کرتے  ہوئے  وزیراعلیٰ  کا  کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی بیڈز بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی جبکہ  ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ضروری ادویات دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ  پنجاب حکومت نے متاثرہ مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن کی اجازت دے دی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ  روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں،ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اجلا س میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، ماہر طب ڈاکٹر محمود شوکت، پی کے ایل آئی کے ڈاکٹر جاوید حیات خان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 وی این ایس ، لاہور