نئے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے کے اساتذہ کی تعلیمی اسناد کی تصدیق جلد شروع کروائی جائے: اکبر ایوب

154

 

پشاور، یکم جون(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام سکولوں میں موجود اساتذہ اور طلبہ کی ریشنلائزیشن کی جائے گی تاکہ مستقبل قریب میں سکولوں میں طلبہ کی تعداد کے مطابق اساتذہ کی تعنیاتیوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے نئے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے کے اساتذہ کی تعلیمی اسناد کی تصدیق جلد شروع کروانے کی ہدایت کی ۔

ان خیالات کا اظہار اکبر ایوب خان نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے لئے الگ دفتر کے لیے مختص عمارت کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسناد کی تصدیق و جانچ پڑتال  قابل اور تجربہ کار آفیسرز کی نگرانی میں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب ملازمین کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی تاکہ میرٹ کی بالادستی ہو اور حقدار کو اس کا حق مل سکے۔

افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت جاری کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام ملازمین کو جلد از جلد اس نئی عمارت میں شفٹ کروا دیا جائے تاکہ ان اضلاع کے دفتری امور کو ایک ہی چھت کے نیچے نمٹایا جا سکے اور ماضی کے ستائے ہوئے لوگوں کو موجودہ حکومت کی ان کی بہتری کے لیے کاوشوں کا اندازہ ہوسکے اور انہیں حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی کے اثرات مل سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم حافظ محمد ابراہیم، ایڈیشنل ڈائریکٹر نئے ضم شدہ اضلاع محمد اقبال اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔