واسا ملازمین اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی 24 گھنٹے خدمت کر رہے ہیں: منیجنگ ڈائریکٹر واسا نسیم خالد چانڈیو

220

ملتان، جون 23 ( اے پی پی):  منیجنگ ڈائریکٹر واسا نسیم خالد چانڈیو نے کہا ہے کہ کورونا  وائرس کے پھیلاؤ اور بڑھتے ہوئے خطرات کے باوجود سیوریج اور واٹر سپلائی کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے   واسا ملتان کلیدی کردار ادا کر رہاہے۔ واسا ملازمین خصوصاً سیور مین اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی 24 گھنٹے خدمت کر رہے ہیں اور مجھے اپنے سٹاف کے اس جذبے پر فخر ہے کیونکہ بنیادی سروسز کی فراہمی میں صرف واسا ہی ایسا ادارہ ہے جو کرونا ایمرجنسی کے دوران فرنٹ لائن پر پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وبا کے شدید خطرات کے ساتھ ناصرف شہریوں  کو فراہمی آب کی سہولت فراہم کی جارہی ہے بلکہ مون  سون سیزن شروع ہونے سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے  انہوں نے کہا کہ واسا ملازمین فرائض کی ادائیگی میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں تاہم صارفین کے مسلسل عدم تعاون کی وجہ  سے ادارہ شدید مالی بحران کا شکار ہے اور اب کورونا وائرس کے پیش نظرواسا کی ماہانہ ریکوری بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اگر شعبہ ریکوری نے  ماہانہ ریکوری ٹارگٹ کے حصول اور بقایاجات کی وصولی کے لئے سخت محنت نہ کی تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ہیڈ آفس شمس آباد میں پبلک سروس ڈیلیوری اور ریکوری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر میڈم نگہت جبیں،ڈائریکٹر انجینئرنگ مشتاق خان ڈائریکٹر ایڈمن و ریکوری موسیٰ خان، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر شریک تھے۔ ایم ڈی واسا نے اس دوران مزید کہا کہ بجلی واجبات کی مد میں 20 کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات واجب الادا ہیں  جبکہ تنخواہ ،پنشن اوربجلی کے ماہانہ بلوں ،ضروری اخراجات کا  ماہانہ حجم  12کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے  انہوں نے اس دوران ڈائریکٹر ریکوری کو ریکوری ٹارگٹ کے حصول کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا  جبکہ شہریوں کو بھی آگاہ کیا کہ ایمنسٹی سکیم کے تحت گھریلو،کمرشل،صنعتی پراپرٹیزکے مالکان،تاجر، کاروباری حضرات  اپنے سیوریج، پانی کے غیر قانونی کنکشنز بھاری جرمانوں، 3 گنا فیسوں کی بجائے صرف اور صرف سنگل فیس ادائیگی کے ساتھ ریگولر کروا سکتے ہیں یہ سہولت محدود مدت کے لیے 30 جون 2020تک میسر ہوگی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی کنکشنز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا اور ان کے نہ صرف سیوریج،واٹر سپلائی کے کنکشنز منقطع کردیئے جائیں گے بلکہ ان کے خلاف تا دیبی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی لہذا شہری اس سہولت سے فوری فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کو سیوریج اور واٹر سپلائی کی فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

وی این ا یس،ملتان

a