پشاور، یکم جون(اے پی پی): وزیر اعلی محمود خان کی کوششوں کیوجہ سے بالآخر سعودی عرب میں کرونا سے وفات پاجانیوالے پاکستانیوں کی لاشوں کی پاکستان منتقلی ممکن ہوگئی، پی آئی اے کا خصوصی 777 جہاز 2 جون کو سعودی عرب کے شہر ریاض جائے گا ۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ بیرون ملک مزدوری کرنیوالے پاکستانی مسافروں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپکی مشکلات کے ازالہ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے پشاور ائیرپورٹ پر سعودی اور دیگر گلف ممالک سے فلائیٹس کی تعداد بھی بڑھائی جائیگی اور پشاور ائیرپورٹ بھی کھول دیا گیا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وبا ہے اور اس نے تمام دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے، بیرون ملک پاکستانی جو کرونا سے وفات پاگئے ہیں انکے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جسکے لیے وفاقی حکومت اور خود وزیراعظم عمران خان سرگرم ہیں۔
وزیراعلی کیمطابق ابتدائی طور پر وفات پانے والے پاکستانیوں کی لاشوں کو پشاور منتقل کرنے کیلئے پی آئی اے کا 777 طیارہ سعودی عرب بھیجا جائیگا جسمیں 25 کے قریب کرونا سے وفات پاجانیوالے افراد کے جسد خاکی پشاور منتقل کیے جائینگے۔
یہ خصوصی جہاز 2 جون کو ریاض جائےگا جبکہ دیگر شہروں اور ملکوں کیلئے بھی خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔











