پشاور، یکم جون(اے پی پی): ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن انیلہ ناز نے شہر اور صدر کے مختلف سیکٹروں میں احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت رقم وصول کرنے والوں کو کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ہجوم والی جگہوں میں جانے سے گریز کریں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں کیونکہ یہ وائرس ماسک نہ پہننے اور ملنے جلنے سے ایک شخص سے دوسرے شخص منتقل میں ہوتا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم کی جانب سے شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ بیان میں ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے سے کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور آپس میں میل جول سے گریز کرتے ہوئے اس وباء کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔











