کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے ماسٹر مائنڈز تک بھی جلد پہنچا جائیگا؛وزیر داخلہ اعجاز شاہ

112

اسلام آباد ، 29جون (اے پی پی): وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے ماسٹر مائنڈز تک بھی پہنچا جائیگا اور ان کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، حملہ کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا، چار جوان بھی شہید ہوئے۔

 پیر کو واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ پیر کی صبح دہشتگردوں جو کلاشنکوفوں اور خود کار ہتھیاروں سے مسلح تھے، نے پارکنگ کی طرف سے سٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے جوانوں نے انکا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے چار جوان بھی شہید ہوگئے۔

 وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس وقت رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے عمارت کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور جلد عمارت کلئیر کرلیں گے۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جس طرح پہلے دہشت گردوں اور ان کے ماسٹر مائنڈز کو کیفر کردار تک پہنچایا اسی طرح اس واقعہ میں ملوث عناصر اور ماسٹر مائنڈز کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور ماسٹر مائنڈز تک بھی پہنچا جائیگا۔

 وی  این ایس،  اسلام آباد