ملتان، 04 جولائی (اے پی پی ):ایڈینشل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب زاہد اختر زمان اور اے آئی جی ساؤتھ انعام غنی کی ملاقات ہفتہ کو یہاں سرکٹ ہاؤس میں ہوئی، جس دوران سب سیکرٹیریٹ کے قیام اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے تحت جنوبی پنجاب میں انتظامیہ و پولیس کا بااختیار سیٹ اپ قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے تمام صلاحیتیں صرف کرینگے۔
زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ سب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے حکومت کا مکمل مینڈیٹ حاصل ہے،بہاولپور اور ملتان میں یکساں انتظامی سیٹ اپ صحیح معنوں میں عوام کی توقعات پوری کرے گا۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نئے پولیس سسٹم سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہوسکے گا۔جنوبی پنجاب کے پولیس اور انتظامی سربراہان کی تعیناتی سے حکومت نے سب سیکرٹریٹ کے قیام کی جانب عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔
انعام غنی نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس سب سیکرٹریٹ کے عملی نفاذ کے مشترکہ پالیسی پر گامزن ہیں، جلد ہی اس خطے کے عوام کو سب سیکرٹریٹ کے ثمرات ملنا شروع ہوجائیں گے۔
وی این ایس، ملتان











