مظفرگڑھ (اےپی پی) : ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی جانب سے پری فلڈ میگا ڈرل کا انعقاد کیا
، گیا ضلعی انتظامیہ کے جانب سے ممکنہ سیلاب کی تیاریوں کے سلسلہ پی ڈی ایم اے وئیر ہاؤس میں پری فلڈ میگا ڈرل کا اہتمام کیا گیا۔ میگا ڈرل میں مہمان خصوصی کے طور پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران شمس اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر محمد ارشاد الحق نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ ضلع مظفرگڑھ میں موجود تمام غیر سرکاری تنظیموں نے شرکت کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر کی گئی تیاریوں کے سلسلہ میں دوران سیلاب اور سیلاب کے بعد استعمال ہونے آلات، مشینری اور ساز وسامان کی جانچ پڑتال کے لیے اپنے سٹالز بھی لگائے۔
اس دوران ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد ارشد نے ریسکیو 1122 کی طرف سے دوران ایمرجنسی اور سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات، مشینری اور ساز وسامان کے بارے میں مہمانان خصوصی کو بریفنگ دی جبکہ ریسکیو جوانوں نے بیک وقت کشتیوں پر لگے انجنز کو اسٹارٹ کرنے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔
میگا ڈرل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ڈاکٹر محمد ارشاد الحق کی بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 مختصر عرصے میں اپنی اعلیٰ ساکھ قائم کر چکا ہے،اب عوام ریسکیو 1122 ادارے کو بطور ضروریات زندگی جانتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ایمرجنسیز کے علاوہ ملک میں بڑھتی ہوئی کرونا وباء میں بھی ریسکیو 1122 کے جوانوں کو فرنٹ لائن پر اپنی خدمات سر انجام دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ ریسکیو ، ضلعی انتظامیہ اور غیر سرکاری تنظیمیں متوقع سیلاب کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہیں، ریسکیو 1122 کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
وی این ایس ، مظفر گڑھ