وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس

166

لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان  کی  زیر صدارت  راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی سٹیرنگ کمیٹی  کا  اجلاس  ہفتہ  کو یہاں  منعقد ہوا ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعظم کو منصوبہ پر بریفنگ دی۔

 وزیراعظم عمران خان نے منصوبہ پر عملدرآمد کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور واٹر کنزرویشن کے لئے سختی سے عملدرآمد کی خصوصی تاکید کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے پیدا ہونے والی مشکل معاشی صورتحال میں اس منصوبہ سے لوگوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی جبکہ  پراجیکٹ سے لاہور کے رہائشیوں کے لیے پانی کی کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

 وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے ہدایت  کی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں اور واٹر کنزرویشن کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے چیف سیکرٹری کو یہ ہدایت بھی کی کہ منصوبہ میں زیادہ سے زیادہ مقامی طور پر تیار کیا جانے والا مٹیرئیل استعمال کیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں کو ترقی ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے اسلام آباد کی طرز پر جدید اور ماڈرن سٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم لائنز کے تحت منصوبہ کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔

 اجلاس میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شیخ محمد عمران، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائےخزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ نے بھی شرکت کی ہے۔

وی  این ایس،  اسلام آباد