وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ تانیہ ادریس اور صوبائی مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کا ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا دورہ

200

پشاور، 22جولائی(اے پی پی): وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ تانیہ ادریس اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا دورہ کیا جہاں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر عاصم جمشید نے شرکا کو بریفنگ دی۔

دورہ کے دوران تانیہ ادریس، میشر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایم پی اے ارشد ایوب خان، سابقہ صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے منتخب اراضی کا دورہ لیا۔

خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈائریکٹر عاصم جمشید نے اس موقع پر شرکاء کو بتایا کہ آئی ٹی کی ترقی کے لئے اس قسم کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے جسکے لئے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کی تکمیل کی گئی ہے جہاں ایک چاردیواری میں تمام بنیادی سہولیات میسر ہونگی۔

مشیر ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے اس موقع پر گفتگو کے دوران بتایا کہ 88 کنال رقبے پر محیط پاکستان ڈیجیٹل سٹی آئی ٹی سیکٹر میں خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ لوگوں کے لئے خوشخبری ہے۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ڈیجیٹل سٹی میں آئی ٹی کمپنیوں کو کم لاگت/قیمت پر بہترین ماحول مہیا ہوگا اور یہاں بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی  سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ ہمارا مقصد آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دینا ہے کیونکہ صوبائی حکومت نے سال 2020 کو ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا سال قرار دیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ تانیہ ادریس نے اس پراجیکٹ کے بارے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا منصوبہ وزیراعظم کی ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی عکاسی ہے جو خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے روزگار کا ذریعہ ہوگا۔

 تانیہ ادریس نے کہا کہ ہم اپنے ملک کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لارہے ہیں اور اس ضمن میں آئی ٹی بورڈ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

وی این ایس، پشاور