وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ہزارہ موٹروے حویلیاں- تھاکوٹ سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا

119

پشاور، 28جولائی(اے پی پی): وزیر اعلی محمود خان نے آج مانسہرہ میں ہزارہ موٹروے حویلیاں- تھاکوٹ سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کی لمبائی 118 کلومیٹر ہے اور اس کی تکمیل پر 133 ارب سے زائد کی لاگت آئی ہے جبکہ موٹروے کا یہ سیکشن حویلیاں،  ایبٹ آباد، مانسرہ، شنکیاری اور تھاکوٹ کو آپس میں ملاتا ہے۔

مانسہرہ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ حویلیاں -تھاکوٹ موٹروے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اہم منصوبہ ہے اور اس موٹروے سے علاقے میں سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور علاقے کی عوام کو معیاری سفری سہولیات میسر ہونگی۔

محمود خان نے کہا کہ پورے صوبے میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، عمران کا سپاہی ہوں، ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی علاقے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ اپوزیشن والے بے بنیاد پروپیگنڈہ اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز منتقل کرنے کی گمراہ کن باتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پانچ سال اسلام کے نام پر صوبے میں حکومت کی انہوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، یہ ناکام لوگ آج ہمارے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے لئے چھ بڑے منصوبے سی پیک میں شامل کرنے پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔ پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سی آر بی سی لفٹ کینال، سوات موٹوے ہماری حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ہیں جبکہ حویلیان تھاکوت موٹروے کی تکمیل کا کریڈٹ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر مراد سعید کو جاتا ہے۔

 محمود خان نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

وی  این ایس،   پشاور