لاہور،18 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے وفاق اور صوبوں سے ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں بھر پور تیاری اور آئینی تقاضے پورے کیے جائیں گے، سیکریٹریٹ کے قیام سے انتظامی اختیارات کی منتقلی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے، ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران پارلیمان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے جنوبی پنجاب کے علیحدہ صوبے سے متعلق عوامی مطالبے پر موجودہ حکومت کی جانب سے عملی پیش رفت پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کا دیرینہ مسئلہ کئی دہائیوں سے تعطل کا شکار تھاجس کے حل کا وعدہ ماضی کی حکومتوں نے کیا مگر پورا نہیں کیا گیا۔ اس مطالبے کو پاکستان تحریک انصاف نے نہ صرف اپنے منشور کا حصہ بنایا بلکہ اس کی جانب عملی پیش رفت کی ہے جس پر وہ وزیرِ اعظم کے شکر گزار ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام اختیارات کی منتقلی کی جانب اہم پیش رفت ہے اس کی بدولت جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کا حل ملتان اور بہاولپور میں ممکن ہو گا۔
جنوبی پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کا جنوبی پنجاب کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی پر شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے کورونا وائرس کی روک تھام ،مشکل صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے، معاشی عمل اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں توازن رکھنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کامیاب حکمت عملی پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ممبران نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام سے انتظامی اختیارات کی منتقلی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے بھر پور تیاری اور آئینی تقاضے پورے کریں گے۔ جنوبی پنجاب اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کا علیحدہ مالیاتی کمیشن نہ بنایا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لیے بہت کم فنڈ مختص کیے گئے۔ ملک کے پس ماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے متعلقہ معاملات اور تقاضوں کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کی جس میں وفاق اور صوبوں سے ممبران شامل ہوں۔
وفد میں مخدوم شاہ محمود قریشی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، ظہور حسین قریشی، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد ابراہیم خان، رانا محمد قاسم نون، میاں محمد شفیق، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، طاہر اقبال، سید مبین احمد، چوہدری جاوید اقبال، مخدوم باسط بخاری، نیاز احمد جکھڑ، خواجہ شیراز محمود، سردار محمد خان لغاری، سردار محمد جعفر خان لغاری، سردار نصراللہ خان دریشک، سردار ریاض محمود خان مزاری، ڈاکٹر اختر ملک، سردار دوست محمد مزاری، عبدالحئی دستی اور حنیف پتافی شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی ملاقات میں شریک تھے ۔
وی این ایس، اسلام آباد











