چنیوٹ، 10 جولائی( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے چناب نگر اور لالیاں میں شہروں سے دور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مویشی منڈیوں کی سائٹس کا وزٹ کیا اور انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پراسسٹنٹ کمشنرز عائشہ یٰسین، فضل عباس، سی اوز ایم سیز رانا نواز، محمد فیصل، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی او سول ڈیفنس چوہدری محمد صدیق، ڈی ایس پی ٹریفک کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک، ریسکیو 1122و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر کا کہنا تھا کہ عید الضحیٰ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں 6 مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی جو شہری حدود سے باہر ہونگی،تحصیل چنیوٹ میں 2، بھوانہ میں 2جبکہ لالیاں اور چناب نگر میں ایک ایک منڈی لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جبکہ ضرورت کے تحت منڈیوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس پر بیوپاریوں اور خریداروں کے لئے ضروری سہولیات کو فوری مکمل کرکے رپورٹ کریں اور انسداد کورونا ایس او پیز بھی ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیں،منڈیوں میں صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے اورماحولیاتی تحفظ کے لے قربانی کے جانوروں کو شہری حدود میں لانے پر پابندی عائد ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں بیوپاریوں کے جانور ضبط کرلئے جائیں۔آخر میں انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیل پوائنٹس پر بیوپاریوں کے لئے ٹینٹ سروس،جانوروں کے لئے انکلوژرز،عوامی آگاہی کے لئے نمایاں جگہوں پر بینرز،میڈیکل کیمپ کا قیام،کانگو وائرس سے بچاؤ کا سپرے،ویٹرنری ڈسپنسری،پینے کاپانی،لائٹنگ،عارضی پولیس چیک پوسٹ،سیکورٹی،پارکنگ،صفائی ستھرائی،شکایت سیل،ٹائلٹس،کنٹرول رومزاوردیگر ضروری انتظامات مکمل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو اہداف تفویض کیے گئے ہیں لہٰذا کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وی این ایس، چنیوٹ











