وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پشاور میں نئے تعینات ہونے والے افغان قونصل جنرل نجیب اﷲ احمد زئی کی ملاقات

150

پشاور۔10 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پشاور میں نئے تعینات ہونے والے افغان قونصل جنرل نجیب اﷲ احمد زئی نے تعارفی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ کمشنر افغان مہاجرین اور قونصل خانے کا دیگر عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔اس موقع پرباہمی دلچسپی کے دیگر اُمور کے علاوہ صوبے میں مقیم افغان مہاجرین سے متعلق اُمور پر بات چیت کی گئی۔ افغان قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان برادر اسلامی ملک ہیں ، دونوں ملکوں کے لوگ مذہبی ،ثقافتی اور نسلی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیںاور یہ دونوں ممالک ایک دوسرے کیلئے ناگزیر ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کرنے پر حکومت پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغان قونصل جنرل نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پختون روایات کے عین مطابق اپنے افغان بھائیوں کی مہمان نوازی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بحیثیت قونصل تعیناتی پر نجیب اﷲ احمد زئی کو مبارکباد دیتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 وی این ایس، پشاور