ڈ پٹی کمشنر خیرپور کا زیرو پوائنٹ بند سے بہاروبند  تک کا  دورہ ، فلڈ رلیف آپریشن کی تیاری مکمل کرنے کی  ہدایت

91

سکھر،21جولائی(اے پی پی): ڈ پٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی  نے زیرو پوائنٹ بند سے بہاروبند تک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بندوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ایریگیشن کے انجنیئرز کو حفاظتی بندوں کو مضبوط کرنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے تمام انتظامات اور فلڈ رلیف آپریشن کی تیاری مکمل کرنے کے احکامات جاری  کرتے  ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دریاءکے بندوں پر قائم تمام تعمیراتی رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے موثر اور بہتر حکمت عملی بنا کر کام شروع کیا جائے، اس میں کسی قسم کی لاپرواہی قابل قبول نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ  ڈپٹی کمشنر خیرپور نے الرا جاگیر بند پہنچ کر پانی کو ڈائیورٹ کرنے لئے ایپران، اسٹون پچنگ اور اسپرس سمیت تمام مرمتی کام کا معائنہ کیا۔

 اس موقع پر محکمہ ایریگیشن خیرپور ویسٹ کے ایکسین محمد یونس ڈومکی و دیگر عملے کی جانب سے ڈی سی خیرپور کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الرا جاگیر بند 5 اور 6 میل پر ایپران، اسٹون پچنگ سمیت تمام اسپرس کا کام مکمل ہوچکا ہے جو سیلاب کو ڈائیورٹ کرنے اور آس پاس کے گاﺅں کو بچانے کے لئے بنایا گیا ہے۔

 دورے کے دوران بندوں پر قائم پولیس پکٹس کے متعلق بتایا گیا کہ راستوں پر بنی ان پکٹس کی وجہ سے مشینری، ڈمپر، لوڈر سمیت تمام سامان کی ترسیل میں بہت تکلیف ہو رہی ہے اوریہ مسئلہ ممکنہ سیلاب کے دوران بھی ہو سکتا ہے، جس پر ڈی سی خیرپور نے افسران کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بندوں پر قائم پولیس پکٹس کو ختم کر کے دوسری جگہ شفٹ کرنے کے لئے ایس ایس پی سے بات کر کے مسئلے کو حل کیا جائیگا۔

 ڈی سی خیرپور نے حساس بہارو بند پہنچ کر کام کا بھی  جائزہ لیا  اور  کمزور بندوں کو مضبوط کرنے کے لئے دن رات کام کرنے  کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ   سیپیج پر خاص خیال رکھا جائے، سیلاب کے دوران 24 گھنٹے کے لئے عملے کو مقرر کیا جائے جبکہ سیلاب کی صورت میں عوام کو فوری طور پر منتقل کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور کسی بھی نا خوشگوار صورتحال کی جلد اطلاع ڈی سی آفیس کو دی جائے۔

 وی این ایس ، سکھر