کرونا وباء کے دوران ڈاکٹرز ، طبی عملے کی حفاظت شروع دن سے اولین ترجیح ہے : تیمور جھگڑا

127

پشاور، 7جولائی(اے پی پی):    صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے دوران ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت شروع دن سے اولین ترجیح رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہسپتالوں میں طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان کی بروقت ترسیل کو ممکن بنانے کیلئے ہر کاوش بروئے کار لائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو کورونا تشخیصی کٹس اور طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان کی حوالگی کی تقریب کے دوران کیا جہاں تیمور جھگڑا نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے حکام سے سامان وصول کیا،اس سامان میں 2016 پی سی آر ٹیسٹنگ کیٹس اور 2010 یو ٹی ایم، طبی عملے کے لیے 8 ہزار حفاظتی گاؤن، 8 سو فیس شیلڈز اور 8 سو کے این 95 ماسک، 24 ہزار فیس ماسکس، 24 ہزار ہیڈ کور، 24 ہزار دستانے اور 24 ہزار شو کورز  شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر  نےمزید  کہا کہ سماجی تنظیموں کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں اور عوام کے تعاون سے جلد اس وباء پر قابو پا لیں گے۔

وی این ایس،پشاور