کوئٹہ ،20جولائی (اے پی پی): جعفرآباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل ٹیکسی ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کر کے اس سے چھینی مہران گاڑی برآمد کر کے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے ۔
ایس ایس پی جعفرآبادسید علی آصف نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ماہ قبل مسمی ٹیکسی ڈرائیور غلام حسین کھوسہ ولد عبدالعزیز جس کی عمر 19/20 سال تھی جوکہ ٹیکسی چلا کر گزر بسر کرتاتھا اس کو ملزمان حبیب اللہ اور بشیر احمد کٹوہر ساکنان جیکب آباد سندھ نے ٹیکسی کار کو بہانے سے سندھ لے جا کر سندھ کی حدود میں مزکورہ ڈرائیور کو بے دردری سے قتل کرکے نعش تالاب میں پھینک کر فرار ہوئے تھے جس پرایس ایس پی جعفرآباد کی ہدایت پر انچارج 15 مددگار و ایس ایچ او ڈیرہ اللہ یار نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندھ کے چھوٹے بڑے تقریبا 17 شہروں میں چھاپے مارے، سندھ پولیس کی ذاتی دلچسپی و ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے جعفرآباد پولیس نے بالاآخر ملزمان میں سے ایک ملزم بشیر احمد ولد خمیسہ خان کٹوہر کو سندھ سے گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے قبضہ سے چھینی ہوئی مہران کار نمبری BDX 457 کراچی سندھ سے برآمد کر لی گئی، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے جس کو بھی عنقریب گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر ٹیکسی یونین کے صدر سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ایس ایس پی جعفرآباد سے مل کر کامیاب کاروائیوں پر خوشی کا اظہار کیا اور آفس کے باہر شہریوں نے جعفرآباد پولیس بلوچستان پولیس زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے۔
وی این ایس،جعفرآباد











