لاہور، جولائی 17(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے پارٹی اور بزنس کیمونٹی سمیت دیگر وفود نے ملاقات کی ہے
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی ذات نہیں ملک و قوم کو مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ احتجاجی دھمکیوں سے خطرہ نہیں الیکشن اپنے وقت پر ہی ہونگے ۔ سیاسی مخالفین صبر کے ساتھ 2023 کا انتظار کریں احتساب سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر نیوالے ناکام ہوں گے ،ملکی ترقی اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے حکومت مشکل فیصلے کر رہی ہے ۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم اداروں میں اصلاحات لارہے ہیں، میرٹ پر کام کررہے ہیں۔ماضی کی من پسند تعیناتیوں کی وجہ سے ادارے تباہ ہوئے ہر شعبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیرآبی ضروریات کے تحفظ کی ضامن ہو گی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا میں بزنس کیمونٹی کا غریبوں کیساتھ کھڑا ہونا قابل تحسین ہے ۔ ہم نے بزنس کیمونٹی کے تعاون سے کورونا ریلیف میں کروڑوں روپے خرچ کیے جبکہ تحر یک انصاف کی حکومتی پالیسوں کا محور ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینا ہے ۔احساس پروگرام کے تحت153 ارب سے زائد امدادی رقم تقسیم ہوچکی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بز نس کیمونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کام ہو رہا ہے کسانوں کو بھی پیکج دیا ہے۔
وی این ایس،لاہور











