لاہور، یکم اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس میں قائم صوبائی مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی مانیٹرنگ سیل میں صوبہ بھر میں عید الاضحی پر صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔
صوبائی سیکرٹری بلدیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عید الاضحی پر شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے،صفائی کے اچھے انتظامات پرمتعلقہ اضلاع کے افسروں اورعملے کو انعام دیا جائے گا اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہوگی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔انہوں کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھایا جائے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے،سڑکوں یا گلی محلوں میں آلائشیں نظر نہیں آنی چاہئیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور سمیت تمام شہر صاف ستھرے ہونے چاہئیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں،متعلقہ ادارے اورانتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں،صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر ہونے چاہئیں،متعلقہ اداروں کے افسران صفائی کے انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں، صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں،غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں،نئے بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہے ہیں،نئے بلدیاتی نظام سے عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے،بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے،لاہور میں نئی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی بنائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ افسران صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے خودفیلڈ پر موجود رہیں،تبدیلی واضح طورپر نظر آنی چاہیے،عوام کی خدمت سے بڑھ کرکوئی اورترجیح نہیں۔
اے پی پی /لاہور/نورین