بلوچستان  حکومت نے تعلیمی عمل  بحالی میکنزم کی تیاری کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی

142

کوئٹہ،28اگست ( اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال، عاشورہ محرم کے سیکیورٹی انتظامات، تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق اور بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 بلوچستان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیمی اداروں میں تعلیمی عمل کے آغاز کے لئے جامع میکنزم تیار کررہی ہے جس کے لئے محکمہ تعلیم، یونیسف، پی ڈی ایم اے، نجی شعبہ کے اسکولوں اور دینی مدارس کے نمائندوں پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دیگر صوبوں اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم بلوچستان کے طلبا کو آن لائن کلاسز کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہوسٹلوں کی بندش کی باعث بلوچستان کے طلبا اپنے اپنے علاقوں میں واپس آئے ہیں جو بلوچستان میں انٹرنیٹ کی سہولت محدود ہونے کی وجہ سے آن لائن کلاسز سے استفادہ نہیں کرسکے ۔

وزیراعلیٰ نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا کہ غیر متوقع بارشوں سے نصیرآباد اور سبی ڈویژن کے علاوہ بعض دیگر اضلاع میں شاہراہوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچہ کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ڈیموں میں پانی کے ذخائر میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے جن کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

 وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے گی ۔