بھارت کشمیر کو انگار وادی میں بدل کر انسانیت کا استحصال کر رہا ہے؛وزیر توانائی پنجاب

94

 

ملتان  ، 05 اگست (اے پی پی ):وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ کشمیر گذشتہ ایک سال سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے،کشمیر میں انسانی بحران پیدا کرنے کی ذمہ دار بی جے پی ہے ،بھارت کشمیر کو انگار وادی میں بدل کر انسانیت کا استحصال کر رہا ہے۔

یوم استحصال کشمیر پر اپنے خصوصی ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتہائی فاشسٹ بی جے پی حکومت کی طرف سے دوطرفہ معاہدوں، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیریوں کی امنگوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جدوجہد مقامی ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی کو  غیر قانونی اور سفاکانہ فوجی قبضے کے خلاف عوامی حمایت حاصل ہے۔

 وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ بھارت کی طرف سے گزشتہ 365 دنوں سے جاری اس فوجی محاصرے اور پابندیوں کے باوجود بین الاقوامی میڈیا تنظیموں نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے خلاف بڑی تعداد میں ہزاروں افراد کے مظاہروں کی رپورٹنگ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی فیصلے نے کشمیر میں زیادہ گہری مزاحمت کے بیج بو دیئے ہیں۔

اختر ملک نے کہا کہ میں بھارت کے اس غیر انسانی رویے کی بھرپور مزمت کرتا ہوں،عالمی برادری اور عالمی رہنماﺅں کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ محصور کشمیریوں کی انسانی اور سیاسی حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑا ہے،پاکستان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے ۔

 انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مسلح افواج کے وحشیانہ فوجی قبضے کا خاتمہ کرے اور کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے حق رائے دہی کا انعقاد کرے۔

 وی این ایس ، ملتان