بہاولنگر،20 اگست(اے پی پی ): بہاولنگر فوڈ اتھارٹی کا سیوریج سے سیراب فصلوں کے خلاف سخت ایکشن،32کنال پر کاشت سبزیاں تلف کر دی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے 64 کنال سبزیوں کی چیکنگ کی جبکہ 32کنال انڈسٹریل پانی سے سیراب سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کیلئے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے۔زہریلے پانی سے اُگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
عرفان میمن نے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں جبکہ جن علاقوں میں نہری یا ٹیوب ویل کا پانی دستیاب نہیں وہاں صرف غیر خوردنی فصلیں اگائی جائیں، غیر خوردنی فصلوں میں بانس، پٹ سن، ان ڈور پلانٹس، نمائشی پھول سمیت متعدد فصلیں شامل ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ سیوریج اور انڈسٹریل ویسٹ سے سیراب سبزیاں کاشت کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
اے پی پی / بہاولنگر/نورین











