احمدپورشرقیہ،08 اگست(اے پی پی ):سینئر صوبائی وزیر خوراک عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت کی گندم پر سبسڈی عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سبسڈی سے گندم حاصل کر کے آٹا کی غیر قانونی بین الصوبائی ترسیل کرنے والی ملوں کا کوٹہ ختم کیا جائے۔
کمشنر آفس بہاولپور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ آٹا کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور مقرر کردہ نرخ سے زائد آٹا فروخت کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر کریانہ کی دکان اور ڈیپارٹمنٹل سٹور پر آٹا کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ خورا ک کے افسران موثر انداز میں مانیٹرنگ کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔
عبد العلیم خان نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ چینی کی ایکس مل قیمت میں توازن لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ڈویژن بھر میں آٹا اور چینی کی دستیابی، کورونا وائرس تحفظ اقدامات، احساس پروگرام، انسداد ڈینگی، ٹڈی دل کنٹرول، شجرکاری مہم، محرم الحرام انتظامات اور ڈویژن میں تعمیراتی منصوبوں کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری سمیت صوبائی سیکرٹری خوراک اسد الرحمن گیلانی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال، ڈائریکٹر فوڈ سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب پیرزادہ، ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک، محکمہ فوڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
وی این ایس،احمدپورشرقیہ











