بہاولپور کو خوبصورت بنانے کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اپنا کردار ادا کرے: ڈی سی  مظفر خان

130

احمدپورشرقیہ،08 اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ بہاولپور کو خوبصورت بنانے کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران و سٹاف اپنا کردار ادا کریں۔ شہر کے تمام داخلی راستے خوبصورت بنائے جائیں اور ان مقامات پر سدابہار اور سایہ دار پودے لگائے جائیں، نیز خوش آمدید بورڈز نصب کئے جائیں۔

کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے  ڈی سی  بہاولپور کا کہنا تھا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیمیں بروقت مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ختم نبوتؐ چوک(چوک فوارہ) کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات  کئے جائیں اور بہتر انداز میں سدابہار پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم کے موقع پر شہر کے تمام پارکس، سڑک کے میڈین، گرین بیلٹس اور دیگر مقامات پر پودے لگائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سمال انڈسٹریز کے نزدیک اوور ہیڈ برج پر پلانٹرز جلد نصب کر کے خوبصورت پودے لگائے جائیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی آصف لودھی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے سمیرا ربانی، بجٹ اینڈ پلاننگ آفیسر شفقت نواز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

وی این ایس،احمدپورشرقیہ