ریاض: پاکستان کے ٹریڈ مشن کی جانب سے مقامی مارکیٹ میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد

388

ریاض، 15 اگست (ا ے پی پی): سعودی عرب میں پاکستانی آموں کی بہار، لذت اور ذائقے میں پاکستانی آم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں نے کہا کہ وہ پاکستانی آم کے انتظار میں رہتے ہیں پاکستانی پھل سب سے بڑھ کر ہیں ۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے ٹریڈ مشن کی جانب سے مقامی مارکیٹ میں مینگو فیسٹیول سجایا گیا جس کا افتتاح پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کیا۔ مینگو فیسٹیول میں پاکستانی آموں کی مختلف اقسام کو متعارف کروایا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانیوں کے علاوہ دیگر غیر ملکیوں نے بھی مینگو فیسٹیول میں شرکت کی اور پاکستانی آم کی مختلف اقسام سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب ایک بڑی مارکیٹ ہے یہاں آموں کے علاوہ دیگر اشیاء اور مصنوعات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

سفارت خانہ پاکستان کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اظہر داہر نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ پاکستانی آم سعودی عرب کی تمام بڑی مارکیٹس میں دستیاب ہو جس کے لئے اقدامات کو اٹھایا جا رہا ہے۔ مینگو فیسٹیول میں شریک شرکاء نے بھی آموں کی مختلف اقسام کو سراہا اور کہا کہ آم کے علاوہ جتنے بھی دیگر پھل ہیں ان کو یہاں متعارف کروایا جائے اس کے لئے پھلوں کی پیداوار کو بڑھانا بھی ضروری ہے۔