صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان سے بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

110

لاہور،20 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان سے بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن کے وفد نے جمعرات   کو یہاں ملاقات کی ہے ، پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کے دفتر میں ہونے والی  ملاقات  میں بھٹہ مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی کارڈ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اجلاس میں اضلاع میں لیبر آفیسرز کی تعیناتی اور بھٹہ مزدوروں کو درپیش دیگر مسائل بھی زیر غور آئے۔

 ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  صوبائی وزیر نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ بھٹہ مزدوروں کے مطالبات کے حل کیلئے متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔مزدور طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

 وفد نے صوبائی وزیر محنت کی مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کاوششوں پر اظہاراطمینان بھی کیا۔