عوام کو صحت کے شعبہ میں بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: یاسمین راشد

82

لاہور، 31اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں سات مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کاکریڈٹ صرف وزیراعظم عمران خان کو جاتاہے۔ حکومت نے رواں مالی سال میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کیلئے خطیررقم مختص کی ہے، عوام کو صحت کے شعبہ میں بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان  خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت  نے پیر کو یہاں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں  منعقدہ اجلاس  کی   صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس  کے دوران مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام کی تعمیر پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں  سی اینڈ ڈبلیوکے افسران نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کو مدراینڈ چائلڈ ہسپتال پر جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہر سال پاکستان میں دوران زچگی کئی مائیں اور بچے زندگی کی بازی ہارجاتے ہیں۔،مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام کی تعمیرمقررہ مدت کے دوران مکمل کی جائے۔ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر کے بعدہزاروں ماؤں اوربچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔

 ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب میں بننے والے نئے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گیم چینجرثابت ہونگے جبکہ  مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیرمیں کسی قسم کی کوتاہی یاتاخیربرداشت نہیں کی جائے گی۔