لاہور ،13اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 31 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس نے جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کے لیے جاری منصوبہ کی توسیع کے معاہدے کی تجویز کو منظور کیا اور محکمہ خواندگی اور الائٹ پاکستان کے مابین “ایک بچہ پڑھاؤ” منصوبے کے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تجویز کی منظوری بھی دی۔
اجلاس نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لیے سرکاری زمین دینے کی پالیسیوں میں نرمی کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی ایفورڈیبل ہاؤسنگ رولز 2019 کا مسودہ بھی منظور کیا۔ پنجاب کے محکمہ ایکسائز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مابین معلومات کے تبادلے کے لیے ایم او یو کا مسودہ بھی منظور کیا گیا۔ پنجاب میں منشیات پر قابو پانے کے لئے پنجاب کنٹرول آف نارکاٹکس ایکٹ 2020 کے مسودے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں ٹاؤن کمیٹی کنگن پور اور میونسپل کمیٹی ڈنگہ کی بلدیاتی حدود کے تعین کی تجویز کو بھی منظور کیا گیا۔ کوٹلی ستیاں، مری اور چکوال میں چھ سرکاری گیسٹ ہاؤسز کی منتقلی کی تجویز سے بھی اتفاق سمیت سیاحوں کے لیے خدمات بہتر بنانے کے حوالے سے محکمہ سیاحت کے مروجہ قوانین کی مجوزہ ترامیم سے بھی اتفاق کیا گیا۔











