لاہور،17 اگست (اے پی پی): ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی زیر صدارت شہر میں محرم الحرام کے انتظامات بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایس پیز سٹی تصور اقبال نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سٹی ڈویژن کے محرم سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔
ایس پی سٹی نے کہا کہ سٹی ڈویژن میں مجموعی طور پر 120 امام بارگاہیں،1190 مجالس،235 ماتمی جلوس ہونگے ہیں۔ کیٹیگری اے کے22 جلوس اور کیٹیگری اے کی 130 مجالس منعقد ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے پروگرامز میں11 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سٹی ڈویژن انتہائی حساس ہے۔ لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی،کوئی غفلت اور تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایڈوانس انٹیلی جنس ضروری ہے،ڈیوٹی سے قبل تعینات افسران اور اہلکاروں کو مکمل بریفنگ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس پر تعینات نفری کو کھانا اور پانی بروقت فراہم کریں، تمام پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔











