محرم الحرام  کے  حوالے  سے  پٹرولنگ پولیس ملتان ریجن کا سیکورٹی پلان جاری

186

ملتان،22 آگست(اے پی پی ): ترجمان پٹرولنگ پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کے احکامات کی روشنی میں ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول ملتان ریجن زبیدہ پروین نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی پلان جاری کردیا ہے۔

تمام ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیزکو مراسلے بھی جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈی ایس پیزکے زیر نگرانی محرم الحرام کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا ۔

زبیدہ پروین نے پوسٹ انچارجز اور گشت افسران کو ہدایت جاری کر تے ہوئے کہا کہ  بیٹ ایریا میں مؤثر گشت و ناکہ بندی کرکے جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے زیادہ سے زیادہ قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ پٹرولنگ پوسٹ کے بیٹ ایریا میں امام بارگاہوں، مجالس اور گزرنے والے جلوسوں کے متعلق معلومات اور شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سے میٹنگ کی جائے  تاکہ سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔دوران گشت و ناکہ بندی تمام حفاظتی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے شرپسند اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنایا جائے گا۔

 انہوں نے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر موجود پٹرولنگ پوسٹوں کو کڑی نگرانی اور سٹاپ اینڈ سرچ آپریشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام میں کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پوسٹ انچارجز متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اوز سے ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے۔ پوسٹ ہائے کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا اور فول پروف بنایا جائے گا اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ریزرو نفری ہمہ وقت رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔