لاہور،22 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مردہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کی اے پی سی ان کے گلے پڑسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں محرم الحرام کے بعد بھی اے پی سی نہیں دیکھ رہا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں بظاہر اختلافات ہیں، مریم نواز نے جتنے پتھر مارے وہ شہباز شریف کی سیاست کو لگے ہیں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس گہرے پانیوں میں ہے، شہباز شریف کسی صورت بھی تحریری بیان نہیں دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا مریم نواز، شہباز شریف کی سیاست کیخلاف کام کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ این آر او کی تلاش میں ہیں، فضل الرحمان جو چاہتے ہیں وہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا ایم این ون اہم منصوبہ ہے، شالیمار ایکسپریس کے کرایوں میں 25 اگست سے 10 فیصد کمی ہوگی۔











