مری،12 اگست(اے پی پی ): یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ملکہء کوہسار مری میں بھی جشن آزادی کے سلسلہ میں مختلف تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
ان تقریبات کے آغاز پر تحریک پاکستان میں جدو جہد اور قربانیوں کی لازوال داستانوں پر مبنی عکسی تصاویر کی نمائش ” روشنی کا سفر” کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا ، نمائش میں تحریک پاکستان کے حوالے سے نایاب تصاویر رکھی جس کو عوام اور شہریو ں نے سراہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے ،پاکستان شہیدوں کے خون اور پاکستان کی تحریک میں حصہ لینے والے قائدین کی کاوشوں کا ثمر ہے، لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اس ملک کو حاصل کیا ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دے کر کہا کہ وہ مادر وطن کے لئے اپنی اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئےکار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں تا کہ حقیقی معنوں میں قیام پاکستان کے مقاصد کو بھی حاصل کیا جا سکے۔
وی این ایس،مری











