ہری پور ، 20اگست(اے پی پی): مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور کا دورہ کیا اور این آر ٹی سی حکام کو خیبرپختونخوا حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن پلان، منصوبوں اور صوبے میں کیے گئے دیگر اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر بریگیڈیئر توقیق احمد نے نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور کے اقدامات، سروسز اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ضیاء اللہ بنگش نے این آر ٹی سی حکام سے باہمی اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور صوبے میں انفارمیشن انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں نوجوانوں کو مزید نوکریاں فراہم کرنے اور اس سیکٹر کو مزید آگے لے جانے پر مل کر کام کرنے پر مشاورت بھی کی۔
این آر ٹی سی نے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل سٹی منصوبے میں معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا اور نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور مل کر دیگر منصوبوں پر کام کریں گے اور خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹلائزیشن پلان کو عملی جامہ پہنائیں گےمحکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا اور این آر ٹی سی جلد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کریں گے اور دیگر منصوبوں کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کو 20 انٹرن شپ، دیگر سکالرشپ اور سالانہ 5 نوکریاں دینے کا اعلان کیا، جس کی نامزدگی محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا میرٹ پر کرے گی۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہیں.اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مختیار خان اور خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے افسران بھی ضیاء اللہ بنگش کے ہمراء تھے۔











