معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرذادہ کا قبائلی ضلع خیبر کا دورہ، باڑہ شمشان گھاٹ کی تعمیر نو و بحالی کا اعلان

93

پشاور، 11 اگست(اے پی پی): وزیراعلی کےمعاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرذادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں اقلیتوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں، کارتار پور بارڈر وزیراعظم عمران خان کا اقلیتوں کے بارے  وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرذادہ آج وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر قبائلی ضلع خیبر میں اقلیتوں کے مسائل سننے کے لئے وہاں کے خصوصی دورہ پر گئے تھے۔

اس موقع پر اقلیتوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اقلیتی سیکھ برادری یہاں دوبارہ آباد ہو جائے اور اسلئے سکھ کمیونٹی کے لئے  پچھلے تقریباً 8 سال سے  ویران باڑہ شمشان گھاٹ کی تعمیر نو و بحالی کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان خصوصاً قبائلی اضلاع میں اقلیتی کمیونٹی اور مسلم کمیونٹی میں مثالی بھائی چارہ ہے اور اسی بھائی چارے کو لے کر ایک ہو کر چلنا ہے۔

وزیر زادہ نے ضلع خیبر کے تمام اقلیتوں خصوصا سکھ کمیونٹی کے مسائل جلد حل کرنیکی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ شمشان گھاٹ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لئے سولر ٹیوب ویل پر جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ اقلیتی برادری کے لئے ہاؤسنگ سکیمز، اپنا روزگار سکیمز کیساتھ ایجوکیشن میں بھی اقلیتی برادری کا کوٹہ بڑھا رہے ہیں۔ وزیر زادہ نے کہا کہ باڑہ میں سکھ کمیونٹی کے لئے رہائشی کالونی کی تعمیر کے علاوہ قبائلی اضلاع میں گوردواروں کی سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق کا گلا گھونٹا جارہاہے، وہاں مودی، ریاستی دہشت گردی سے اقلیتوں کے حقوق پر غاصب ہے۔ بھارت اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان سے سبق حاصل کرے۔

معاون خصوصی نے شجر کاری مہم کے تحت باڑہ شمشان گھاٹ میں پودا بھی لگایا جبکہ دورے کے موقع پر ایم پی اے روی کمار، اقلیتی ایم پی اے ویلسن وزیر، ایم پی اےشفیق آفریدی، اقلیتی کمیونٹی کے دیگر علاقائی رہنما بھی ہمراہ تھے۔

بعد ازاں پشاور پریس کلب میں “قومی اقلیتی دن” کے حوالے سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت و خطاب بھی کیا۔

 وی این ایس ، پشاور