ملتان؛ سٹی پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر کا محرم کے مرکزی جلوس، امام بارگاہ ممتاز آباد کا   دورہ

94

ملتان ، 29 اگست (اے پی پی ):سٹی پولیس آفیسر محمد حسن رضا خان اور ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک نے 9 محرم الحرام کے سلسلے میں   مرکزی جلوس، امام بارگاہ ممتاز آباد سمیت شہر کے دیگر مقامات کا دورہ کیا۔

سی پی او ملتان نے محرم الحرام کے سلسلے تمام تر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ، مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو پر امن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کیمرے لگا دئے گئے ہیں جبکہ  سی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں تمام اہم مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

 ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران انتظامی لحاظ سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، لائسنسداران اور منتظمین کی طرف سے تمام تر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پولیس اور دیگر اداروں کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔