کوئٹہ، 29 اگست( اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات ،محکمہ کھیل اور بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے سرد علاقوں کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد ان علاقوں میں موسم سرما کے سلیک سیزن سے قبل ترقیاتی منصوبوں پر زیادہ سے زیادہ کام مکمل کرنا ہے جس سے وقت کی بچت ہو گی اور منصوبے تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔
ڈائیریکٹر جنرل بی سی ڈی اے بابر خان نے اجلاس کو رواں مالی سال میں اتھارٹی کے تحت نئےمنصوبوں کی پیش رفت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوۓ بتایا کہ صوبے کی طویل ساحلی پٹی پر پہلی مرتبہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ترقیاتی منصوبے بناۓ جا رہے ہیں جنکی تکمیل سے صوبے کے ساحلی مقامات مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ حاصل کر سکیں گے ان منصوبوں میں کوسٹل لائن کی ما سنٹر پلاننگ،ایکو ٹورازم کا فروغ،فش لینڈنگ جیٹیز کی تعمیر ،بیچ اینڈ سپورٹس سرگرمیوں کا آغاز،ساحلی شاہراہ پر ریسٹ ایریاز کاقیام ،پلانٹیشن ،مختلف مقامات پر بیچ پارکس اور ریزاٹس کا قیام شامل ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے آغاز سے بین الاقوامی سطح پر صوبے کا سوشو اکنامک تاثر ابھر کر سامنے آۓ گا اور روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ صوبے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا جس سے خوشحالی آۓ گی۔











