ملتان:کپاس ملک کی نہایت اہم فصل، بہتر نگہداشت کیلئے ڈویژنل سطح پر ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹیوں کا قیام

123

ملتان,04 اگست (اے پی پی ):  سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا کہ کپاس ہمارے ملک کی ایک نہایت اہم فصل ہے۔ جو متعدد ملکی صنعتوں کو خام مال فراہم کرنے کے علاوہ زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ ہےجبکہ کپاس کی فصل پر اگتے ہی ضرر رساں کیڑوں کا حملہ شروع ہوجاتا ہے۔

 سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے ڈویژنل سطح پر ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس میں ماہرین سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹیوں کے تحت کپاس کے بہتر نگہداشتی امور بارے سفارشات پندرہ روزہ بنیاد پر مرتب کی جاتی ہیں۔ سفارشات میں فصل سے جڑی بوٹیوں کا موثر تدارک کرنے، روزانہ کی بنیاد پر اپنی فیلڈز کا معائنہ کرنے، ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کرنے اور کیڑوں کی معاشی نقصان دہ حد پر پہنچنے پر ہی سپرے کرنے بارے رہنمائی کی جارہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اس مرحلہ پر پنجاب کے اکثر کپاس کی کاشت کے علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب میں فصل پر سبز تیلہ، سفید مکھی اور تھرپس کا حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے۔ اگر ان کیڑوں کا بروقت تدارک یقینی نہ بنایا جائے توفصل کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔

 سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس مرحلہ پر کپاس کے بہتر نگہداشتی امور بارے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور ہفتہ وار چھٹی کے دوران بھی فنی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں اور ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات کا لٹریچر کاشتکاروں تک بروقت پہنچائیں تاکہ مقرر کردہ پیداواری ہدف کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔

وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کپاس کی کاشت کے علاقوں میں فیلڈز فارمیشنز کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورے کررہے ہیں اور موقع پر کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی حاصل کررہے ہیں اور ان کے بروقت حل کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایات بھی جاری کی جارہی ہیں۔

وی این ایس،ملتان