ملتان ؛ماسک کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار کا  انعقاد

92

ملتان، 10اگست(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ملتان کے زیر اہتمام رضا ہال میں ماسک کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا،جس میں شہریوں اور محکمہ صحت کے ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرارشد ملک اور ڈاکٹر عطاءالرحمان بھی سیمینار میں موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباءابھی پوری دنیا میں موجود ہے اور بہت سے ممالک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے،انڈیا سمیت دیگر ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ کورونا وائرس نے پاکستان میں بہت قیمتیں جانیں ہم سے چھین لیں ہیں،اس وباءکی وجہ سے ہزاروں لوگ اپنے پیاروں سے جدا ہو گئے ہیں،حکومت نے وباءپر قابو پانے کے لئے کامیاب حکمت عملی اپنائی ہے۔اللہ تعالیٰ کے کرم سے پاکستان کورونا وائرس کے خاتمے کی طرف بڑھ رہا ہے۔کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذریعے وائرس کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

محمد طیب خان نے کہا کہ وباءکے خاتمے تک ہمیں ماسک پہننے کی عادت اپنانا ہو گی۔تمام پبلک اور کمرشل ادارے ” نو ماسک نو سروس”پر سختی سے عملدرآمد کرائیں،فیس ماسک نہ پہننے والوں کو گراسری سٹور،مالز،بازار اور مارکیٹوں میں سروس فراہم کرنے پر پابندی کی جائے۔ماسک پہنے بغیر شہریوں کو ریسٹورنٹس، بنکوں،فارمیسیز اور ہسپتالوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔نماز پڑھنے کے لئے مساجد جانے والے بھی ماسک ضرور پہنیں،ماسک پہنے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر نہ کیا جائے۔

محمد طیب خان نے مزید کہا کہ بغیر ماسک پہنے سفر کی اجازت دینے پر ٹرانسپورٹ مالکان اور منیجرز کو جرمانے کئے جائیں گے جب کہ انڈور عوامی مقامات اور دفاتر میں سماجی فاصلے برقرار رکھنے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اے پی پی /ملتان/حامد