ملتان،13 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے پی ٹی آئی کی خواتین ورکرز کے وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، خواتین ملتان میں جاری مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں ۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ضلع میں جاری پلانٹ فار پاکستان مہم میں خواتین بھر پور شرکت کریں جبکہ جشن آزادی کے حوالے موسم گرما امن میلہ کے لئے خواتین پروگرام تشکیل دیں۔ضلعی انتظامیہ جشن آزادی کے حوالے سے شہریوں کو تفریح کے بھر مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ مختلف سرکاری کمیٹیوں میں شامل خواتین متحرک کردار ادا کریں،اس کے علاوہ خواتین کے وفد کو 14 اگست کو ڈی سی آفس میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ۔
وفد میں میں آصفہ سلیم،سعدیہ بھٹہ،عصمہ جبیں،گلشن وڑائچ اور نسیم بلال شامل تھے جبکہ چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔











