ملتان 13اگست (اے پی پی)؛ ترجمان حکومت پنجاب و ایم پی اے سبین گل خان نے کہا ہے کہ 14 اگست تجدیدِ عہد کا دن ہے اس روز قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں یہ مملکت معرضِ وجود میں آٰیا اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد نظریاتی وطن ملا۔ یہ بات انہوں نے ایم ڈی اے آفس میں پاکستان تحریک انصاف کے خواتین ونگ کی طرف سے یوم آزادی تقریبات کے حوالہ سے پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ترجمان حکومت پنجاب سبین گل خان نے کہا کہ تحریک پاکستان میں مسلم خواتین نے مادر ملت فاطمہ جناح کے شانہ بشانہ تاریخ رقم کی انہوں نے کہا کہ آج بھی خواتین تعمیر پاکستان میں ملی جوش و جذبہ سے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنے قیام سے آج تک مسائل اور مشکلات میں رہنے کے باوجود درجہ بدرجہ ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور اس وقت اقوام عالم میں پاکستان خاص سٹریٹیجک پوزیشن اختیار کر چکا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دیتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اوران شاءاللہ پاکستان کوترقی کے بام عروج تک پہنچانے میں خواتین پیش پیش رہیں گی۔تقریب میں محترمہ شمائلہ ایاز شاہ، محترمہ آصفہ سلیم، محترمہ سوہا رانا، گلشن وڑائچ، روبینہ اختر، غزل غازی، عصمت طاہرہ، سعدیہ بھٹہ، جاناں ملک، تسنیم کوکب، سیدہ شہربانو،محترمہ نبیلہ بٹ نے بھی شرکت کی۔تقریب میں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و استحکام کے لئے دعا بھی کی گئی۔











