لاہور ،یکم اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک دوسرے کو عید الا ضحی کی مبارکباد دی۔ملاقات میں عید الا ضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عید خوشیوں بھرا تہوار ہے۔،ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے،ذاتی انااور منافقت کو چھوڑ کر صرف ملک کا سوچنا ہے،صوبے کے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عید پر نادار طبقہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے،ہماری حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ افواہیں پھیلانے اورسازشیں کرنے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑاہے،صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے،عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر اکٹھے ہیں، ہماری نیت اورسمت درست ہے،عوام کوبہترین سہولتیں فراہم کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے۔
اے پی پی / لاہور/قرۃ العین