لاہور، 4 اگست(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم شہدا پولیس کے موقع پر یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے شہداء کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی عظم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس کے شہداء ہمارا مان ہیں۔ یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے-
عثمان بزدار نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پنجاب حکومت شہید پولیس افسروں اور جوانوں کے اہل خانہ سے بھی مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی،پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی- وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی اولاہور، سیکرٹری اطلاعات اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اے پی پی /لاہور/حامد











